اردو الفاظ کی درست ادائیگی
"نہ" ، " نا" اور " ناں " میں فرق اور استعمال
"نہ" نہیں اور مت کے معنوں اور نفی کے جملوں میں استعمال ہوتا ہے : جیسے نہ کرو ، نہ بیٹھو وغیرہ. یہ ہمیشہ جملے کے شروع اور درمیان میں آئے گا ۔ آخر میں نہیں ۔ مثلاً
نہ تم آئے نہ کھانا کھایا ، یہاں نہ بیٹھو ۔
نہ گنواؤ ناوکِ نیم کش ، دلِ ریزہ ریزہ گنوا دیا
نہ چھڑا سکو گے دامن نہ نظر بچا سکو گے
*نا*
جب کسی بات کی تاکید کرنی ہو تو "نا " کا استعمال ہوتا ہے ۔ " میرے گھر آونا " جانے دیجیے،بچہ ہے نا "
یاد رکھیے "نا" کبھی شروع میں نہیں آئیگا۔ لہذا نا کرو، نا کھاو ، ناجاو وغیرہ لکھنا غلط ہے۔
آسان پہچان :
فرق یاد رکھیے کسی جملے سے " نا " کو ہٹا دیا جائے تو مطلب تبدیل نہیں ہوتا، لیکن "نہ" ہٹانے سے فقرے کا مطلب بالکل الٹ ہو جاتا ہے۔
’وہی ہوا نا جس کا ڈر تھا‘ میں سے نا نکالنے سے فقرے کے مجموعی معنی میں فرق نہیں پڑتا۔
لیکن
مجھ سے پہلی سی محبت مرے محبوب نہ مانگ
تو مطلب الٹ جائے گا
5: “ناں” کو ماہرین لسانیات اردو کا لفظ نہیں سمجھتے ۔بلکہ نا کا ہی لاڈ سے بگڑا ہوا نام ہے ۔ اس لیے آپ اسے تحریر میں نہ استعمال کریں نا ۔
چُونکہ اُردو پڑھاتی ہوں تو کوشش یہی ہوتی ہے کہ آسان تحریر کے ذریعے روزمرہ کی غلطیوں پر بات کی جائے تاکہ اپنی بھی یاددہانی ہوتی رہے کہ سیکھنے کا عمل تو عمر بھر جاری رہتا ہے۔
اوپر دیے گئے پیراگراف میں کچھ حروف کی تکرار ہوئی ہے ؟ جی ہاں وہ حروف ہیں ( کی ،کے اور کہ ) ہم جلد بازی میں لکھتے ہوئے عموماً ان کا فرق مٹا دیتے ہیں ۔ جہاں " کہ " لکھنا ہو وہاں " کے" لکھ دیتے ہیں " میں نے خبروں میں سنا کے کل بارش ہوگی۔" یہ غلط استعمال ہے۔
"کے" دو معانی کے لیے آتا ہے
(1) "کا ، کی ، کے" والا "کے" ۔۔۔ مثلا " اس کے خیالات بہت عمدہ ہیں ، لاہور کے کھانے بہت مشہور ہیں۔
(2) دو فعلوں کے درمیان "کر" کے بجائے "کے" جیسے " اٹھ کر کام کیجیے " ، اصل میں جملہ ہے "اٹھیے اور کام کیجیے " پھر اسے "اٹھ کے کام کیجیے" کیا گیا ۔
"کہ" درج بالا دو صورتوں کے سوا دیگر بہت سے معانی کے لیے آتا ہے یہ عموما انگریزی کے " That" اور " or" کی طرح استعمال ہوتا ہے۔
٭ وہ آیا کہ نہیں؟
٭٭ خیال رہے کہ معاملہ زیادہ خراب ہو سکتا ہے‘
کیا ستم ہے کہ اب تِری صورت
غور کرنے پہ_____ یاد آتی ہے (جَون ایلیا)
*یہ چشم و لب ہیں کہ حسرت بھری ہے پیالوں میں
یہ مفرد " کہ " کے استعمال تھے ۔ اس کے ساتھ کچھ اور ارکان کو ملا کر مرکب بھی بنایا جاتا ہے جیسے چونکہ , کیونکہ ، جبکہ ، حالانکہ، تاکہ ، حتی کہ ، گو کہ وغیرہ لیکن صرف " کیونکہ " کا لفظ ہی " کہ" کی جگہ استعمال ہوگا ۔
" پہلے آپ کھانا شروع کیجیے کیونکہ آپ بڑے ہیں "
" پہلے آپ کھانا شروع کیجیے کہ آپ بڑے ہیں "