اردو جنرل معروضی پبلک سروس کمیشن
urdu mcqs for public service commission,
1-کیا آپ جانتے ہیں کہ ادیب کو معاشرہ کا نبض شناس کیوں کہا جاتا ہے؟
ج: سادی بات ہے کہ ادیب معاشرے میں رونما ہونے والے مسائل پر غوروفکر کرتا ہے ،ان مسائل کا عمیق نظر سے مشاہدہ کرکے مسئلے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کرتا ہے ،اس عمل کے دوران وہ معاشرے کے نبض شناس کے روپ میں سامنے آتا ہے۔
2-رپور تاژ اور سفرنامے میں فرق بیان کریں
ان دونوں اصنافِ ادب کی ہئیت اگرچہ ایک ہے لیکن اس کےباوجود دونوں کے مزاج میں بڑا فرق ہے:
سفر نامے میں ادیب کسی مخصوص موضوع کو ملحوظِ نظر نہیں رکھتا بل کہ شہروں کا جغرافیہ سمجھانے،مناظرِ قدرت کی ایک ایک تفصیل گنوانے اور تہذیب و تمدّن کی خصوصیات پر روشنی ڈالنے پر اپنا سارا زور صرف کردیتا ہے ۔
اس کے برخلاف رپورتاژ میں ادیب کسی مخصوص واقعہ کو موضوع بناتا ہے۔اس میں وہ مُقامات اور مناظرِ قدرت کا ذکر تو کرتا ہے لیکن ان کی حیثیت ثانوی ہوتی ہے ۔اس کا مقصد تو اس کیفیت کو اُبھارنا ہوتا ہے،جسے اس کی اندر کی آنکھ نے دیکھا اور محسوس کیا ہے۔
3-ساختیات اور پس ساختیات کیا ہے؟
ج:ساختیات سے مُراد لفظ کی ساخت ہے،یعنی زَبان کے ان تشکیلی عَناصر کا مطالعہ جس کی بُنیاد پر زَبان بولی جاتی ہے۔جس میں اشیا اور افراد کے ذہنی ساخت کا رشتہ مطالعہ کیا جاتا ہے ساختیات کہلاتی ہے۔اس کے بانی سوسئیر ہے۔
پس ساختیات:
اب آتے ہیں پس ساختیات کی طرف اس میں لفظ کے طے شدہ معنی کی مخالفت ہے۔کیوں کہ یہ معنی کی روح کو مُردہ بناتی ہے۔اصل معنی وہ ہیں جو قاری متن سے حاصل کرتا ہے۔یعنی ظاہری معنی اصل نہیں ہوتے۔اس کے بانی رولاں بارتھ ہے۔
فرق: فرق دونوں میں یہ ہے کہ ساختیات لفظ کی ساخت سے بحث کرتی ہے جب کہ پس ساختیات معنی سے بحث کرتی ہے اور اس سے ادراک میں مدد دیتی ہے۔
4-غالبؔ کی شاعری ان کے زمانے میں زیادہ مقبول کیوں نہ ہوئی؟
ج:ابتدا میں غالب نے مشکل پسندی کو اپنایا تاہم فضل حق خیر آبادی اور بعض دیگر دوستوں نے مشکل گوئی ترک کرنے کا مشورہ دیا ، تو غالب نے ان کے مشورے پر عمل کیا چناں چہ بعد میں ان کی شاعری ان کی زندگی میں ہی سلیس نگاری،جدت طرازی اور نُدرت خیال کی وجہ سے دلی سے لے کر پنجاب تک مشہور ہوئی۔۔۔لہذا ہم کہہ سکتے ہیں کہ غالب کی شاعری ابتدا میں مشکل گوئی کی وجہ سے زیادہ مشہور نہ ہوئی۔
5-علامہ اقبال شاعر بڑے تھے یاکہ فلسفی؟
ج: اقبال ایک فلسفی شاعر تھے جنہوں نے اپنے فلسفے کو شاعری کا لبادہ پہنا کر بہترین انداز میں لوگوں تک پہنچایا۔
6-علامہ اقبال فلسفہ وحدت الوجود کے قائل تھے یاکہ وحدت الشھود کے؟
ج: اگرچہ یہ متنازع مسئلہ رہا ہے تاھم بعض ناقدین کے مطابق وہ وحدت الوجود کے قائل تھے۔
7-غالبؔ کی شاعری تقریبا دو صدیوں بعد بھی اتنی مقبول کیوں ہے؟
ج:ایک تو غالب آفاقی شاعر ہیں دوسری بات یہ کہ غالب کی شاعری میں رجائیت سے بھرپور لہجہ ان کی شاعری کا ہر دور میں مقبولیت کا باعث رہا ہے۔وہ ایک غم آشنا شاعر ہیں ،انھیں زندگی کے سرد وگرم کا تجربہ رہا ہے جن کا بھرپور اظہار ان کے کلام میں پایا جاتا ہے۔موجودہ دور کا انسان متنوع مسائل میں گھیرا ہوا ہے ایسے میں جب وہ غالب کے کلام کو پڑھنے لگتا ہے تو اسے زندگی کی تاریکیوں میں امید کی کرن نظر آتی ہے، اور اسی وجہ سے غالب کی شاعری طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی مقبول ہے۔
8-پلاٹ سے کیا مراد ہے؟
ج:کہانی میں واقعات کی مختلف کڑیوں کو ایک خاص ترتیب اور سلیقے سے جوڑنے کا نام پلاٹ ہے۔