اردو اصناف نثر کا مختصر تعارف
نثر ایک ذریعہ ترسیل ہی نہیں بلکہ صنفی وادبی حیثیت بھی رکھتی ہے۔ صنفی اعتبار سے نثر کے کچھ اصول وضوابط بھی ہیں جن کے پیش نظر نثر نگار اپنے تجربات ، مشاہدات اور افکار و خیالات کی ترسیل کرتا ہے۔ شاعری میں اختصار ہوتا ہے جبکہ نثر توضیحی اظہار کے لیے مشہور ہے۔ شاعری کے دوش به دوش نثر نے ہر خاص و عام کو متاثر کیا اور اہل علم وفن نے اپنے علمی وادبی سرمائے کو نثری اسلوب میں پیش کیا ہے۔
نثر اصل میں ایک عربی لفظ ہے جس کے لغوی معنی بکھیر نے یا چھڑکنے کے ہوتے ہیں لیکن اصطلاح میں کلام غیر موزوں کو نثر کہتے ہیں۔ نثر میں نظم کی طرح الفاظ مختصر نہیں بلکہ منتشر ہوتے ہیں۔ نثری تحریر میں پھیلاؤ ، بکھراؤ اور تفصیل ہوتی ہے یعنی نثر میں الفاظ کو جملوں اور جملوں کو عبارتوں میں پروئے ہوئے موتیوں کی مانند سلسلے وار رقم کیا جاتا ہے ۔ زبان وادب میں افسانوی اور غیر افسانوی نثر مستعمل ہے۔ اس کی تعریف و تفصیل نیچے دی جارہی ہے۔
افسانوی نثر
افسانوی نثر میں رومانی فضا، ڈرامائی عنصر اور افسانوی روح حاوی ہوتی ہے جو نہ صرف قاری کے ذہن وفکر کو متاثر کرتی ہے بلکہ اس کے ذوق جمال و جذباتی کیفیتوں کو بھی مہمیز کرتی ہے۔ افسانوی نثر میں نار است زبان کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ناراست زبان سے مراد یہاں تمثیلی انداز ، علامتی اسلوب اور استعاراتی زبان ہے جو افسانوی نثر کو دلکشی و خوبصورتی عطا کرتی ہے۔ بسا اوقات کسی واقعہ یا شے کار است بیان مشکل و ناگوار ثابت ہو سکتا ہے لیکن جب یہی بیان کہانی کے انداز تخلیقی فضا اور فنکارانہ اسلوب و تکنیک میں سامنے آتا ہے تو نا گوار نہیں بلکہ خوشگوار لگتا ہے۔ افسانوی نثر میں اسلوب کی رکلینی و کشش ہوتی ہے۔ یہ رنگینی و چاشنی کہانی میں زور حسن اور لطافت پیدا کرتی ہے۔ قاری اس رنکینی عبارت میں گم ہوتا چلا جاتا ہے۔ وہ اس رنگین بیانی سے لطف اندوز ہوتا ہے اور ساتھ ہی اس کا ذہن و دماغ کچھ سوچنے پر آمادہ بھی ہوتا ہے۔ افسانوی نثر کا اطلاق جن اصناف پر ہوتا ہے وہ اصناف درجہ ذیل ہیں۔
داستان
اردو ادب میں تاریخ اردو ادب میں داستان ایک خاص صنف تسلیم کیا جاتا ہے اور اس میں بہت سے کردار رونما ہوتے ہیں جن سے داستان کی فضا طلسماتی بن جاتی ہے اور اس میں قاری دل چسپی لیتا ہے۔اگر ہم مذید مطالعہ کرلیں معلومات اکٹھا کر لے تو داستان کو مکمل زندگی کہنا غلط نہیں ہوگا کیوں کہ داستان وہ کہانی ہے جس میں انسان کی زندگی کی مکمل عکاسی مل جاتی ہے۔
داستان خیالی واقعات پر مبنی رومانی کہانی کو کہتے ہیں ۔ داستانوں میں جن و پری طلسم و سحر کے کارنامے اور عجیب و غریب واقعات ہوتے ہیں جو پڑھنے اور سننے والے کے لیے فرحت و مسرت کا سامان فراہم کرتے ہیں۔ داستانیں ماضی کی روایت رہی ہیں۔ ان کے ذریعے ہونے والے لسانی، ادبی اور اسلوبیاتی تجربوں نے زبان و ادب کو نوع بہ نوع معیار وانداز سے آشنا کیا ہے۔
داستان میں واقعات کا الجھاؤ و پیچیدگی ، بیان کی طوالت ، پلاٹ کی بے ترتیبی اور کرداروں کی اہمیت حاصل ہے اور یہ بنیادی جز ہے۔