Urdu poet writer Altaf Hussain Hali
مولانا الطاف حسین حالی
الطاف حسین حالی پانی پت میں پیدا ہوئے۔ ان کے اجداد غیاث الدین بلبن کے زمانے میں ہندوستان آئے۔ نو برس کے تھے کہ والد کا انتقال ہو گیا۔ بھائیوں نے پرورش کی تعلیم کی تعمیل دہلی کے عالموں کی صحبت میں ہوئی۔ غالب اور شیفتہ کی صحبت سے بطور خاص فیض یاب ہوئے۔ سرسید سے بھی تعلق خاطر قائم ہوا۔ شیفتہ اور غالب کے انتقال کے بعد ، لاہور آئے اور یہاں پنجاب بک ڈپو میں ملازمت کر لی۔ یہیں وہ انگریزی ادبیات سے متعارف ہوئے ۔ جدید طرز کی نظمیں لکھیں اور اردو شاعری کی اصلاح کا بیڑا اٹھایا۔ ۱۸۸۷ء میں سرکار حیدر آباد سے سو روپیہ ماہوار وظیفہ مقرر ہو گیا ، تو ملازمت ترک کر کے باقی عمر تصنیف و تالیف میں بسر کر دی۔
حالی کے اسلوب بیان کی سب سے نمایاں خوبی مدعا نگاری ہے۔ حالی کی غرض ، اپنے مضمون کو ادا کرنے اور مطالب کو وضاحت سے پیش کرنے کے سوا کچھ نہیں ہوتی۔ ان کی نثری تحریروں میں اعتدال و توازن کا خاص خیال رکھا جاتا ہے ۔ بے جا اختصار اور بے جا طوالت سے اجتناب کرتے ہوئے ، عبارت کو دلکش، سادہ اور مدلل بنانے میں ، حاکی اپنی مثال آپ ہیں۔ وہ ہر بات کو سنجیدگی اور عقلیت کے ترازو میں تولتے ہیں اور تخیل اور جذبات سے دُور رہتے ہوئے اپنے خیالات اور حقائق کو قاری تک پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ رشید احمد صدیقی نے ، حالی کے نثری اسلوب کو ، اُردو نثر کا معیاری اسلوب قرار دیا ہے۔ وہ سوانح نگار، مضمون نگار اور نقاد ہیں۔ سرسید کے قریبی اور با اعتماد ساتھیوں میں تھے۔
ان کی مشہور کتابوں میں حیات جاوید، یاد گار غالب حیات سعدی'' مقدمہ شعر و شاعری اور مد و جزر اسلام شامل ہیں۔ آخر الذکر کتاب مسدس حالی کے نام سے بے حد مقبول ہوئی ۔ مقدمہ شعر و شاعری ( جو دراصل ان کے دیوان کا طویل دیباچہ ہے ) جدید اردو تنقید کا نقطہ آغاز ہے۔
تصانیف
تریاق مسموم
طبقات الارض
مسدس حالی
حیات سعدی
حیات جاوید
یادگار غالب
مقدمہ شعروشاعری
حب الوطن
برکھارت
منطق پر رسالہ لکھا۔ جو 1854 میں تلف ہوا
طباق الارض کا عربی سے اردو میں ترجمہ کیا جو مبادی جیولوجی پر تھا
اصولِ فارسی
مذہبیات
مولود شریف
تریاق مسموم: پادری عماد الدین کے لیے جواب تھا
رسالہ خیر المواعظ
شواہد الہام
اخلاقیات
مجالس النساء: لاہور میں طالبات کے لیےلکھی،حکومت نے 400 روپے انعام دیا اور نصاب میں شامل رہی۔
سوانح
سوانح حکیم ناصر خسرو
حیات سعدی
تذکرۂ رحمانیہ: مولانا عبدالرحمن' کی وفات پر چھپی
یادگار غالب: اس کتاب نے غالب کو آب حیات کے مقابل اصل مقام سے روشناس کروایا
حیات جاوید
مضامین و انشا
مضامین حالی
مقالات حالی
مکاتیب حالی
تنقید
مقدمۂ شعرو شاعری
دیوان حالی
مجموعۂ نظم حالی
ضمیمہ اردو کلیات حالی
انتخاب کلام داغ: حالی نے اس پر کام شروع کیا مگر مکمل نہ کرسکے جس کی تکمیل بعد میں سجاد حسین اور محمد اسماعیل پانی پتی نے کی۔